تنخواہیں نہ ملنے پر بھارت میں آئی فون فیکٹری ملازمین کی ہنگامہ آرائی

بھارت میں 4 مہینوں سے تنخواہ نہ ملنےکے خلاف آئی فون کی فیکٹری کے ملازمین کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق بنگلور میں واقع امریکی موبائل برانڈ آئی فون کی فیکٹری کے سینکڑوں ملازمین نے4 ماہ سے تنخواہیں نہ دینے کے باوجود اضافی کام لینے کے خلاف سخت احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی۔

احتجاج کے دوران مشتعل ملازمین نے فیکٹری کی حدود میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگادی اور اس کے علاوہ دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور شیشے اور دیگر سامان توڑ دیا۔

واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے پولیس طلب کرلی گئی جس نے 150 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہےکہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور معاملے کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی آڈیٹرز کو بھیجا گیا ہے۔

ریاست کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاملہ بات چیت سے سلجھ جائے گا اور ملازمین کے بقایا جات ادا کرنے کے ساتھ ان کے حقوق کا خیال بھی رکھا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق فیکٹری میں 15 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں جن میں سے اکثر ملازمین افرادی قوت فراہم کرنے والی تھرڈ پارٹی کمپنیوں سے کنٹریکٹ کے ذریعے یہاں کام کررہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو