ہم جدوجہد کیلئے کسی امپائر کی انگلی کا اشارہ نہیں دیکھ رہے: خواجہ آصف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 13 دسمبرکا جلسہ جمہوریت اور ووٹ کی عزت کا معاملہ ہے، ہم جدوجہد کیلئے کسی امپائرکی انگلی کا اشارہ نہیں دیکھ رہے۔

لاہور کے علاقے غازی آباد میں مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے نواز شریف کے ساتھ ہمیشہ وفا کی، 13 دسمبر کو نوازشریف کے شہر میں جلسوں کا اختتام ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کا جلسہ جمہوریت اور آپ کے ووٹ کی عزت کا معاملہ ہے، مریم نواز بھی آج نوازشریف اوربعوام کی جنگ لڑرہی ہیں، ہم جدوجہد کیلئے کسی امپائر کی انگلی کا اشارہ نہیں دیکھ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو ہمارے پُرکھوں کی قربانی کو یاد کرنا ہے، ہمیں اسمبلیوں سے استعفے دینے پڑے تو ہم دیں گے، ہم پاکستان کے عوام کو دوبارہ الیکشن کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں۔

نوازشریف نے وہ بات کی جو 70سال میں کوئی نہ کرسکا: شاہد خاقان عباسی

ورکرز کنونشن سے خطاب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لاہور میں نوازشریف کیلئے جو محبت ہے وہ کسی اور لیڈر کیلئے نہیں اور 13 دسمبر کو ایک بار پھر لاہور کا امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے وہ بات کی جو 70 سال میں کوئی نہ کرسکا، بیروزگاری اور معیشت کو تباہ کر دیا گیا، پی ڈی ایم کی جدوجہد مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ہے، ہمارا اختلاف ان سے ہے جو آئین کو توڑتے ہیں، جب تک آئین کے راستے پر نہیں چلیں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئین اورووٹ کی عزت کی بات کرنی ہے، ہم نے 2018ء میں ووٹ کی عزت کی بات کی ہوتی تو آج حالات مختلف ہوتے، ن لیگ پر الزام ہےکہ وہ جیل نہیں جاتے، آج شہبازشریف اور حمزہ شہباز جیل کاٹ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی کوئی رکاوٹ ڈالیں گے لیکن قانون ٹوٹے گا تو منتظمین پر مقدمہ درج ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو