ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مدت میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مدت میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیکریٹری ان لینڈ ریونیو سروس ایف بی آر نے لارج ٹیکس پیئرز آفسز، میڈیم ٹیکس آفس کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز کے تمام چیف کمشنر کو اس ضمن میں باقاعدہ مکتوب بھی ارسال کردیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت انکم ٹیکس ریٹرن بھرنے کے لئے نوے دن دئیے جاتے ہیں۔ ان لینڈ ریونیو سروس ایف بی آر نے 8 ستمبر کو ریٹرن کا فارم جاری کیا اور پہلی تاریخ 30 ستمبر دی۔

ریٹرن جمع کرانے والوں کی سہولت کے لئے توسیع 8 دسمبر2020ء تک کی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بار بار انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع سے ٹیکس اتھارٹی کی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔

کمشنرز کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ انفرادی طور پر ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع دے سکیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 8 کے بعد ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کمشنرز کیس ٹو کیس بنیاد پر ریٹرن فائل کرنے کی اجازت دیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو