جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے متنبہ کیا کہ اسرائیل کی فلسطین کی سرزمین پر تعمیرات اور توسیع عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جس سے حالات مزید کشیدہ ہوجائیں گے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ اسرائیل کے عزائم تشویشناک ہیں، مغربی کنارے پر تعمیرات اور یہودی آبادکاریاں گزشتہ چار برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جس سے مذاکرات کے ذریعے تنازعے کے حل کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں جب کہ کورونا وائرس کی وبائی صورت حال نے پہلے سے انتہائی سنگین صورت حال کو مزید خراب کردیا ہے۔
انتونیو گٹیرس نے مزید کہا کہ پر تشدد کارروائیاں، غزہ میں آزادانہ نقل و حمل پر پابندی، اشتعال انگیزی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات عالمی قوانین کے منافی ہیں جن سے متمول فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات مجروح ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے تحت ہر سال فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کے لیے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں 2 دسمبر 1977ء کو ایک قرارداد منظور کی گئی تھی اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے۔