سلیکٹڈ عمران ‘خواہ مخواہ’ اچھل رہا ہے، انکا کردار ‘خواہ مخواہ’ کا ہے : مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ سلیکٹڈ عمران خان ‘خواہ مخواہ’ اچھل رہا ہے، ان کا کردار ‘خواہ مخواہ’ کا ہے اور ان کو کوئی نہیں پوچھتا۔

سوات میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا گیا، کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار اور آئی جی سندھ کو اغواء کیا گیا تو عمران خان کو پتا ہی نہیں تھا کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، عمران خان کو کسی نے بتانے کے لائق بھی نہیں سمجھا، وزیراعظم آرام سے اپنے بنی گالہ کے محل میں سو رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اتنی ذلت مجھے اٹھانی پڑتی تو استعفیٰ ان کے منہ پر مارتی، پاکستان کے مسائل اور ساری بیماریوں کا ایک ہی علاج ہے، عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کو گھر بھیجو، ملک میں صاف شفاف نئے انتخابات کرائے جائیں اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو ان کا اختیار واپس کیا جائے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ عمران خان ‘خواہ مخواہ’ اچھل رہا ہے، ان کا کردار ‘خواہ مخواہ’ کا ہے اور ان کو کوئی نہیں پوچھتا۔

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) کے حوالے سے مریم نے کہا کہ کیا بی آرٹی بس چل رہی ہے؟ کوئی نئی بس میں آگ تو نہیں لگی؟ اس نے ایسی بس چلائی جو اس کی طرح بہت ہی بےبس ہے، وہ بس اس جعلی حکومت کی طرح چلنے سے عاری ہے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ وہ کہتے تھے 8 ارب میں میٹروبس بناؤں گا، 126 ارب لگ گئے، منصوبہ مکمل نہیں ہوا، وہ کون تھاجوکہتاتھا 200 ارب آئی ایم ایف کے منہ پر ماریں گے، آج روزانہ آئی ایم ایف ان کے منہ پر تھپڑ لگارہی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو