بھارتی نژاد کمالہ ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون اور سیاہ فام نائب صدر منتخب

امریکا کے 59 ویں صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی کامیابی کے ساتھ ساتھ کمالہ ہیرس تاریخ کی پہلی خاتون امریکی نائب صدر بن گئی ہیں۔

بھارتی نژاد کمالہ ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام اور پہلی جنوبی ایشیائی نژاد نائب صدر ہوں گی۔

کمالہ ہیرس امریکا کی 231 سالہ انتخابی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہیں اور وہ اس عہدے پر پہنچنے والی 49 ویں شخصیت ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے اپنی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ جوبائیڈن کو فون پر کہ رہی ہیں کہ ‘ہم نے کردکھایا، تم امریکا کے نئے صدر بننے جارہے ہو’۔

کمالہ ہیرس 20 اکتوبر 1964ء امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں پیدا ہوئیں ،وہ 2003ء میں سان فرانسسکو کی اعلیٰ ڈسٹرکٹ اٹارنی منتخب کی گئیں اور 2010ء اور 2014ء میں کمالہ نے کیلیفورنیا کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دئیے۔

کمالہ 1984ء میں ڈیموکریٹک جیرالڈین فریرو اور 2008ء میں ریپبلکن سارہ پیلن کے بعد کسی بڑی جماعت کے لیے تیسری خاتون اور پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدارتی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑرہی تھیں۔

56 سالہ کمالہ ہیرس کے مقابلے میں ری پبلکن امیدوار مائیک پینس تھے،کمالہ الیکٹرز کی جانب سے جوبائیڈن کے باضابطہ انتخاب کے بعد 20 جنوری 2021ء کو پہلی خاتون امریکی نائب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔

واضح رہے کہ کمالہ ہیرس کی والدہ کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے جب کہ ان کے والد ویسٹ انڈیز کی ریاست جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایک افریقن نژاد ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو