جو حکومت کیلئے کہا اس کو افواج پاکستان پر ڈالنا ملک کی خدمت نہیں، ایاز صادق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ میری کہی ہوئی بات کو حکومت ارکان افواج پاکستان پر ڈال رہے ہیں اور یہ پاکستان کی خدمت نہيں۔

اپنے بیان میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ علیم خان کی نااہلی ہے کہ مال روڈ پر بھارتی پرچم اور مودی کی تصاویر لگادیں، کیا ان کی حب الوطنی کسی کو نظر نہیں آرہی؟

انہوں نے کہا کہ میری کہی ہوئی بات کو حکومت افواج پاکستان پر ڈال رہی ہے جو مناسب نہیں، یہ پاکستان کی خدمت نہیں کررہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نہ ہم نے این آر او مانگا نہ این آر او عمران خان سے چاہتے ہیں۔

ایاز صادق محب وطن نہيں تو کوئی محب وطن نہیں: ترجمان ن لیگ

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب ہمیں دھمکیاں نہ دیں بلکہ اپنا بوریا بستر باندھنا شروع کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں نیا پاکستان بننا شروع ہوگيا ہے، ایاز صادق محب وطن نہيں تو کوئی محب وطن نہیں، حکمران اداروں کے پيچھے چھپنا اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا بند کریں، اپنی گھٹیا سیاست میں افواج پاکستان کا نام استعمال کرنا بند کریں۔

خیال رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے گذشتہ دنوں قومی اسمبلی میں دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے گھٹنے ٹیک کر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھیجا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں وزیراعظم نے آنے سے انکار کردیا تھا مگر آرمی چیف اس میں شریک تھے، پسینے میں شرابور وزیرخارجہ شاہ محمود نے کہا تھا کہ خدا کے واسطے ابھی نندن کو واپس جانے دیں، آج رات 9 بجے بھارت حملہ کررہا ہے۔

ایاز صادق کے اس بیان کے بعد سے حکومتی رہنماؤں کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے.

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو