مولانا عادل کے قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی میں فائرنگ سے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

انچارج کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) راجہ عمر خطاب کے مطابق فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار 3 ملزمان نظر آرہے ہیں جب کہ بیک اپ پر اور بھی لوگ ہوسکتے ہیں. انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق یہ فرقہ واریت کی سازش ہے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور فوری تفصیلات کے مطابق مولانا عادل کی گاڑی شاہ فیصل میں مٹھائی کی دکان پر رکی تھی اور جیسے ہی گاڑی رکی موٹرسائیکل پر سوار ملزمان اتر کر آئے اور گاڑی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں مولانا عادل خان اور ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

پولیس حکام کاکہنا ہے کہ جس گاڑی پرفائرنگ ہوئی اس میں 3 لوگ موجود تھے جن میں مولانا عادل، مقصود اور عمیر سوار تھے، گاڑی رکنے پر عمیر شمع شاپنگ سینٹر پر مٹھائی کی دکان سے مٹھائی لینے گیا، اس دوران موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ٹارگٹ کرکے فائرنگ کی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے.

پولیس کے مطابق ایسا لگتاہےکہ دہشت گرد ان کا پیچھا کررہے تھے،موقعے سے نائن ایم ایم کے 5 خول ملے ہیں، موٹرسائیکل پر3حملہ آور سوار تھے اور حملہ آوروں نے موٹرسائیکل مخالف سمت میں کھڑی کی ہوئی تھی۔

کراچی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ڈاکٹر عادل اور ڈرائیور شدید ذخمی ہوئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے جب کہ حملے میں ڈرائیور بھی شہید ہوئے۔

ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ کے مہتم تھے اور مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں علماء کو قتل کرا کر شیعہ سنی فرقہ وارانہ تنازع پیدا کرانا چاہتا ہے۔ یہ میری حکومت جانتی ہے اور میں متعدد بار ٹی وی پر کہہ چکا ہوں، گزشتہ 3 ماہ کے دوران بھارت نے سنی اور شیعہ علماء کو قتل کرنے کی متعدد کوششیں کیں تاکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات شروع ہوجائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مولانا عادل کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ شدت پسند شہر کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو