وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 269 ارب 93 کروڑ روپے جاری

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے وفاقی ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے اب تک پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پراجیکٹس (پی ایس ڈی پی) کی مد میں 269 ارب 93 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے ہیں جن میں سے وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 180 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہیں۔

کابینہ ڈویژن کیلئے 28 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔ اسی طرح نیشنل ہائی اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 53 ارب روپے، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 37 ارب 69 کروڑ روپے سے زائدکی رقم جاری کی گئی ہے۔

اعلی تعلیمی کمیشن کیلئے 14 ارب روپے، وزارت خزانہ کیلئے 32 ارب 34 کروڑ روپے، این ٹی ڈی سی اور پیپکو کیلئے 11 ارب 38 کروڑ روپے، وزارت صحت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 6 ارب 79 کروڑ روپے اور وزارت قومی تحفظ خوراک کیلئے 6 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں.

تخفیف غربت ڈویژن کیلئے 6 کروڑ 75 لاکھ روپے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 23ارب 84 کروڑ روپے اور ایرا کیلئے 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو