فضل الرحمان اور مریم نواز کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی اور پی ڈی ایم سمیت ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مریم نواز نے جاتی امرا آمد پر صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفدکا استقبال کیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، سعد رفیق اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سب اس فیصلے پر بےحد خوش ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں سب اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ان کی دور اندیش قیادت میں پی ڈی ایم عوام کو ان کا حق دلانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پی ڈی ایم کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ انہیں اور اس وطن عزیز کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے، اس سلیکٹڈ عوام دشمن حکومت سے نجات ہی ملک و قوم کے لیے سب سے بڑا ریلیف ہوگا۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے قیادت منتخب کرنے کا حق اپنے بندوں کو دیا ہے جو ووٹ کی صورت وہ استعمال کرتے ہیں، اب یہ فیصلہ ہوگا کہ عوام ہی اس ملک کے فیصلے کریں گے اور عوام سے یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا کہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو