بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی افواج نے ضلع شوپیاں کے علاقے سوگن میں سرچ آپریشن کی آڑ میں محاصرہ کرکے تین کشمیریوں کو شہید کیا۔

کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پورے ضلع بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس شیل کا بے دریغ استعمال کیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز کی جانب سے شوپیاں میں شہید کیے گئے تین کشمیری نوجوانوں کی میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کی گئیں۔

قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیری مزدوروں پر پاکستانی دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم بھارتی تحقیقات میں تینوں بے گناہ ثابت ہوئے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو