سعودی عرب کے بعد بحرین نے بھی اسرائیلی طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔
بحرینی وزارت ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بحرین نے متحدہ عرب امارات آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
خیال رہے کہ بحرینی حکومت کی جانب سے اعلامیے میں اسرائیل کا نام استعمال نہیں کیا گیا جب کہ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی امارات آنے والے تمام طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی لیکن اس میں بھی اسرائیل کا نام شامل نہیں تھا۔
اس کے بعد ہی اسرائیل سے امارات جانے والی پرواز ایل وائے 971 سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے ابوظبی پہنچی تھی۔
دوسری جانب اسرائیل کی سرکاری ائیر لائن ایل وائے نے دبئی کے لیے پہلی کارگو پرواز کی روانگی کا اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی سرکاری ائیرلائن نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تل ابیب کے قریب قائم ائیرپورٹ سے 16 ستمبر کو پہلی کارگو پرواز امارات کے لیے روانہ ہوگی۔
امارات جانے والے بوئنگ 747 طیارے میں زرعی اور ہائی ٹیک آلات ہوں گے، یہ پرواز بیلجیم کے راستے دبئی پہنچے گی تاہم مستقبل میں مذکورہ روٹ کی تبدیلی متوقع ہے۔
یہ کارگو پروازیں ہر ہفتے اسرائیلی کمپنیوں کے لیے درآمدات اور برآمدات کے سامان کے ساتھ دبئی کے لیے اڑان بھریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینیئر مشیر جیرڈ کشنر نے بحرینی شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔