کراچی میں آج بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر میں گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی اور ٹھٹھہ کے قریب سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم تاحال موجود ہے جو دوپہر میں بارش برسا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں بارش کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے جب کہ مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں اب بھی پانی گھروں اور سڑکوں پر موجود ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

موسلا دھار بارش سےکراچی کاضلع وسطی بھی شدید متاثر ہے اور مختلف علاقے برساتی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد کے پہاڑی علاقے سے بہنے والے پانی نے بھی علاقے کو مزید بھر دیا ہے اور ہر جگہ پانی نظر آرہا ہے۔

حیدری اور کے ڈی اے چورنگی کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جب کہ نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

ضلع وسطی میں گرین بس پروجیکٹ کے لیے 9 نالے بند کیے گئے ہیں جس کے باعث صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے،ناگن چورنگی کے مقام پر گجر نالے کو ملنے والا نالہ بھی بند ہے جب کہ کے ڈی اے چورنگی،سخی حسن چورنگی اورگجرنالہ مکمل بھرگیاہے۔

ناگن چورنگی کے قریب مختلف فلیٹس میں پانی داخل ہوگیا ہے اور ناگن چورنگی فلائی اوور پر بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں،ضیا الدین چورنگی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور اطراف کے علاقوں میں 4،4 فٹ پانی جمع ہے۔

ضلع وسطی میں صرف 2 گھنٹے میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور مجموعی طور پر اب تک ضلع وسطی میں 105.6 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967ء میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو