شاہ محمود قریشی کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات، سی پیک سمیت دیگر امور پرگفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ان دنوں چین کے دورے پر ہیں جہاں ان کی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے چین کے صوبے حینان میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی. جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے دورہ چین کی خصوصی دعوت اور بالخصوص حینان جیسے قدرتی حسن سے مزین علاقے میں مدعو کرنے پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے، بھارت کی ہندتوا پالیسی کو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل اور اس حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس متعلق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے خلوص نیت کے ساتھ اپنی مصالحانہ کاوشیں کیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و امان کے حوالے سے درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل اپنانے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو