کراچی کی ترقی کیلئے سندھ حکومت کو ایک اور موقع دیا ہے، یہ ان کے پاس آخری آپشن ہے. تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے پیپلز پارٹی کو ایک اور موقع دیا ہے اور یہ ان کے پاس آخری آپشن ہے پھر وفاق اپنے آپشن استعمال کرے گا۔

کراچی کی بہتری کے لیے تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مفاہمت ہوئی ہے جس کے تحت وفاق اور سندھ حکومت نے مل کر کام کرنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے پیپلزپارٹی کو ایک اور موقع دیا ہے اور یہ ان کے پاس آخری آپشن ہے پھر وفاق اپنے آپشن استعمال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ضروری ہے، مشاورتی کمیٹی کی تشکیل کراچی کے عوام کے مفاد میں ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے پاس موقع ہے کہ وہ کراچی کے حالات بدلے، اگر سندھ حکومت نے کراچی کے حالات نہ بدلے تو پی ٹی آئی ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جو عوام کے مفاد میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی ہو یا سڑکوں کی مرمت کراچی کے عوام نے بہت سال برداشت کیا، امید کرتے ہیں کمیٹی ممبران کراچی کے حق میں بہترین فیصلے کریں گے۔

کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کی اسلام آباد اور کراچی میں دو اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں، جس میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وفاق کی جانب سے اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کمیٹی میں شامل ہوں گے جب کہ سندھ کی جانب سے مراد علی شاہ، ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ کراچی شہر کی صفائی، سڑکوں کی مرمت بلدیہ کراچی کی ذمہ داری ہے اور مئیر کراچی ایم کیو ایم کا ہے جبکہ ڈپٹی مئیر تحریک انصاف کا ہے.

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو