غیر قانونی طور ایران کے راستے یورپ جانے والے 99 افراد گرفتار

ملک میں بڑھتی بے روز گاری کے باعث بلوچستان کے راستے ایران اور یورپ جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام اچکزئی نے بتایا کہ فرنٹیر کور ساؤتھ بلوچستان کے عملے نے خاران کے علاقے پتکن کے مقام پر انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی طور ایران کے راستے یورپ جانے والے 99 افراد کو ٹرک سمیت تحویل میں لیا ہے۔

عبدالسلام اچکزئی کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پنجاب اور کے پی سے ہے، ان میں کم عمر بچے بھی شامل ہیں، پکڑے جانے والے افراد کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

خاران میں رواں ہفتے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے لوگوں کے خلاف یہ دوسری بڑی کارروائی ہے۔

اس سے قبل کوئٹہ سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 188 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ بلوچستان سے پہلے تفتان کے راستے ہزاروں افراد سالانہ غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جاتے تھے مگر پاک ایران سرحد بند ہونے کے بعد ان انسانی سمگلروں نے خاران کے راستے سے انسانی اسمگلنگ شروع کردی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو