بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے: پاکستان

بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

ایل او سی کے ڈھڈیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق 14 اگست کو ڈھڈیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی ہوا تھا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق رواں برس بھارت 1980 بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے، بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 16 شہری شہید اور 161 زخمی ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارتی فوج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت 2003ء کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو