کراچی میں 1ہزار کے قریب تعمیراتی منصوبے جلد شروع ہونیکا امکان

وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے لیے ریلیف پیکیج کے اعلان کے بعد بہت جلد کراچی شہر میں 30 سے 40 کثیر المنزلہ بلند عمارات کی تعمیر شروع ہوجائے گی جبکہ امید ہے کہ شہر میں ایک ہزار کے قریب مختلف تعمیراتی منصوبے بھی جلد ہی شروع ہوں گے۔

بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین حسن بخشی نے کہا کہ کراچی ملک بھر کی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور جلد ہی اس شہر میں 30 سے 40 منزلہ بلند و بالا عمارت کی تعمیر شروع ہوگی.

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے ذرائع نہ پوچھے جانے کی رعایت کے بعد امید ہے کہ ملک بھر میں ایک ہزار کے قریب نئے ہاؤسنگ منصوبے اس سال شروع ہونے جارہے ہیں۔

اسی حوالے سے گزشتہ روز وزیر اعظم کا بھی کہنا تھا کہ 13 بلڈرز نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کے لیے ایک کھرب 37 ارب روپے سرمایہ کاری کی ہامی بھری ہے۔

حسن بخشی کا کہنا تھا کہ ان تمام منصوبوں کی تکمیل میں تین سے چار سال کا عرصہ لگے گا۔ نئی اسکیم کے تحت ایف بی آر نے چالیس سے پچاس بلڈرز کو رجسٹرڈ کیا ہے جس میں انہیں اس بات کی رعایت دی گئی ہے کہ وہ اپنا سرمایے کا ذریعہ بتانے کے پابند نہیں ہوں گے.

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو