کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کا تحریری حکم جاری

سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق سپریم کورٹ نے سرکلر ریلوے پر انڈر پاسز کی تعمیر کا کام فرنٹيئر وركس آرگنائزيشن (ایف ڈبلیو او) کو دینے کی سندھ حکومت کی تجویز منظور کرلی ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سرکلر ریلوے کے لیے ٹریک بچھانے کا کام جاری رکھا جائے اور ٹریک کے دونوں اطراف باڑ لگائی جائے۔

عدالت کی جانب سے ایف ڈبلیو او کو سرکلر ریلوے کے لیے انڈر پاسز کی تعمیر کا کام 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی میں تمام رکاوٹیں فوری ختم کرنے اور پاکستان ریلوے اور سندھ حکومت کو اشتراک سے دیگر کام جاری رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 10 اگست کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سیکرٹری ریلوے کو ہدایت کی تھی کہ سرکلر ریلوے اسی سال چلنی چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو