ڈرائیونگ لائسنس برانچ نے کارڈ پر خاتون کی تصویر کی جگہ خالی کرسی لگادی

امریکی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کروانا ایسا حیران کر گیا کہ وہ لائسنس آفس سے موصول ہونے والا جواب دیکھ کر دنگ رہ گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والی جیڈ ڈوڈ نے اپنے ڈارئیونگ لائسنس کی مدت میعاد ختم ہونے پر اسے آن لائن سسٹم کے ذریعے تجدید کروایا لیکن جب اس کی میل واپس آئی تو وہ اپنی تصویر والی جگہ کو دیکھ کر حیران ہوگئیں۔

جیڈ ڈوڈ نے ڈرائیونگ لائسنس پر ایک خالی کرسی کی تصویر دیکھی جہاں ان کی تصویر ہونی چاہیے تھی، یہ دیکھ کر وہ تھوڑی دیر کے لیے غیر یقینی کی حالت میں چلی گئیں۔

انہوں نے کارڈ پر اس غلطی کی فوری طور پر محکمہ موٹر سائیکل جاکر شکایت کی جہاں پہلے افسران نے ان کی بات پر یقین ہی نہیں کیا۔

بعدازاں انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس افسر پر زور دے کر کہا کہ انہیں اپنے لائسنس پر ہونے والی غلطی کو ٹھیک کروانا ہے اسے چیک کریں جس پر افسر نے سسٹم پر چیک کیا اور حیرانی سے کہا کہ اس کو مجھے اپنے مینیجر کو بتانا ہو گا۔

خالی کرسی والے لائسنس کی تصویر کو جیڈ ڈوڈ نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا اور بتایا کہ دیکھیں میں نے آن لائن لائسنس ری نیو کروایا تو مجھے کیا بنا کر دیا گیا۔

جیڈ ڈوڈ کا کہنا تھا کہ انہوں اس واقعے کو اپنے ارد گرد جس کو بھی بتایا اس نے حیرت کا ہی اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ٹینیسی کے سیفٹی اور ہوم لینڈ سیکیورٹی محکمے کے ڈائریکٹر اطلاعات ویس موسٹر کا کہنا تھا کہ کارڈ میں غلطی اس لیے ہوئی کہ جیڈ ڈوڈ کی پروفائل میں غلط تصویر سیف تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ہمیں اس بارے میں معلوم ہوا ہم نے فوری طور پر غلطی ٹھیک کی اور مس ڈوڈ کی درست تصویر کے ساتھ انہیں نیا ڈائیونگ لائسنس بنا کر دیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو