کورونا وائرس سے دنیا بھر میں بھوک اور افلاس کی صورتحال بدترین ہوگئی ہے۔
“ایک سال میں بھوک و افلاس کا شکار افراد کی تعداد میں ایک کروڑ کا اضافہ ہوا ہے”
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غربت، بھوک اور افلاس میں اضافے کی شرح جاری رہی تو 2030ء تک بھوک افلاس کے خاتمےکا پروگرام مکمل نہیں ہوسکتا۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا کورونا کے ہاتھوں یرغمال ہے، تقسیم ہو کر دنیا اس بیماری کو شکست نہیں دے سکتی. ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس گیبرئیس نے یہ بات امریکا کے عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی کے تناظر میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ کورونا سے لڑنے کے لیے اکٹھے ہونا ہی حل ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے باضابطہ طور پر عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی اختیار کرنا شروع کردیا ہے۔
امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر دست بردار ہونے کیلئے نوٹس سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹریس کو پہنچا دیا ہے جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے کردی ہے۔