سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کمسن بچے کے سامنے اس کے نانا کو گولیاں مار کر شہید کردیا جب کہ 3 سالہ بچہ نانا کی لاش پر بیٹھ کر روتا رہا اور کوئی دلاسہ دینے والا بھی نہیں تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معصوم بچہ اپنے نانا کی لاش کے قریب بیٹھا زار و قطار رو رہا ہے اور مدد کو پکار رہا ہے۔ مقتول کی شناخت 60 سالہ بشیر احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا کہ والد سامان لینے بازار گئے تھے جہاں قابض بھارتی فوج نے انہیں کار سے اتار کر گولیاں مار دیں۔
واضح رہے کہ قابض بھارتی فوج نے اسی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 2 افراد کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم علاقہ مکینوں اور آزاد ذرائع نے مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئےموقف اختیار کیا تھا کہ دونوں افراد نہتے تھے جنہیں علاقہ مکینوں کے سامنے قابض بھارتی فوج نے گولیاں مار کر شہید کیا تھا۔
دوسری تصویر میں بچے کو بےدھڑک فوجی کی جانب جاتا بھی دیکھا جا سکتا ہے. اس افسوس ناک واقعے پہ ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے.