ملک میں کورونا سے 237 ہلاکتیں، مجموعی کیسز 11 ہزار سے تجاوز کرگئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 11155 تک جا پہنچی ہے۔

237 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 85 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ میں 73، پنجاب میں 65، بلوچستان میں8 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔

کُل ٹیسٹ: 131،365
صحتیاب مریض: 2527
(کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعہ ملک بھر سے کورونا وائرس کے اب تک 10 کیسز سامنے آئے ہیں جو اسلام آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 214 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں جمعرات کو کورونا کے مزید 298 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں کل مریضوں کی تعداد 3671 اور ہلاکتیں 73 ہوگئی ہیں جن میں سے 67 ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 730 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 177 کیسز اور 9 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4767 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک وائرس سے 905 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 607 اور ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 175مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو 88 نئے کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 85 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1541 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 455 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 10 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 300 ہوگئی جب کہ اب تک 212 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 85 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کیا کورونا وائرس نوٹوں سے بھی لگ سکتا ہے؟

مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایسا خوف پھیلایا ہوا ہے کہ لوگوں میں کوئی بھی چیز چھونے سے قبل یہ ڈر ہوتا ہے کہ کہیں اس پر وائرس موجود نہ ہو جو انسانی جسم میں منتقلی کا سبب بنے.

کورونا وائرس کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کا عمل شروع

برطانیہ میں کورونا وائرس کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کا عمل شروع کردیا گیا۔ یہ یورپ میں کورونا ویکسین کی انسانوں پر پہلی آزمائش ہے البتہ امریکا اس سے قبل مارچ کے مہینے میں کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع کرچکا ہے۔

سندھ میں نماز تراویح محدود

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نماز تراویح کو محدود کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت صرف مسجد انتظامیہ کو ہی مسجد میں تراویح پڑھنے کی اجازت ہوگی۔

خدا نہ کرے وہ وقت آئے کہ ہمیں سڑکوں پر علاج کرنا پڑے: پی ایم اے

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں،خدا نہ کرے وہ وقت آئے کہ ہمیں سڑکوں پرعلاج کرنا پڑے۔

مکمل لاک ڈاؤن کر لیں تو بھی کورونا نہیں رکےگا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کامطلب ہےکہ جہاں کورونا پھیلا وہاں کنٹرول کریں گے، سب ممالک سمجھ رہےہیں کہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیاجا سکتا، خوف ہےکہ چھوٹا کاروبار کہیں مکمل طورپرختم نہ ہوجائے۔

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو