اسلام آباد: معروف فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی جان لیوا کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔
فیصل ایدھی نے حال ہی میں صنعت کاروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں کورونا وائرس سے متعلق وزیراعظم ریلیف فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔

واضح رہے کہ فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے چیک پیش کیا تھا۔
جب سب لوگ اٹھ کر جانے لگے تو ایک صنعتکار نے وزیراعظم سے تعارف کرایا کہ یہ عبدالستار ایدھی کے بیٹے ہیں، جس پر وزیراعظم نے ان سے دروازے پر کھڑے کھڑے آدھے منٹ بات کی۔
فیصل ایدھی نے وزیراعظم سے فلاحی کاموں کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی درآمدات پر ٹیکس چھوٹ کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔