ڈرائیور نے ایمبولینس میں 10مسافروں کو کے پی کے لے جانے کا 52 ہزار کرایہ طے کیا تھا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او گڈاپ سٹی انسپکٹر نعمت بھٹی نے بتایا ہے کہ سپر ہائی وے پر چیکنگ کے دوران پولیس نے ہائی ایس ایمبولینس کو روکا تو اس میں نصف درجن سے زائد افراد سوار تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ انتقال کر جانے والے شخص کی میت لے کر خیبر پختونخواہ جارہے ہیں۔
پولیس نے ایمولینس میں رکھی میت پر سے چادر ہٹائی تو حیرت انگیز طور پر مرنے والا شخص زندہ ہوگیا. جبکہ ایمبولینس میں سوار مسافر اعجاز نامی شخص کا پرانا ڈیتھ سرٹیفیکٹ دکھا کر پولیس کو چکمہ دینا چاہتے تھے. پولیس نے ان کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے ہائی ایس ایمبولینس میں سوار 10 افراد کو حراست میں لینے کے بعد انھیں وارننگ دے کر چھوڑ دیا جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے ایمبولینس قبضے میں لے لی، ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے 52 ہزار روپے میں کرایہ طے کیا تھا۔