بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کیلیے مسلمانوں کو ذمے دار ٹھہرانا قابل مذمت ہے، او آئی سی

بھارتی حکومت مسلمانوں کو عالمی قوانین کے مطابق حقوق اور تحفظ فراہم کرے، او آئی سی کا مطالبہ
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم کے کمیشن برائے انسانی حقوق نے بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے لیے مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرانے اور نفرت انگیزی کا نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔

او آئی سی کے انڈی پینڈنٹ پرمیننٹ ہیومن رائٹس کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی حکومت بین الاقوامی قوانین کے مطابق مسلم اقلیت کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کا کمیشن برائے انسانی حقوق بھارت میں مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار قرار دینے اور ان کے خلاف نفرت انگیزی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا میں مسلمانوں کی منفی تصویر پیش کرنے اور انھیں امتیازی سلوک اور تشدد کا ہدف بنانےپر تشویش ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی مصنفہ، صحافی اور سماجی کارکن ارون دتی رائے انکشاف کرچکی ہیں کہ بھارتی حکومت کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار مسلمانوں کو ٹھہرا کر ہندوؤں کے جذبات کو اکسا رہی ہے جس سے حالات ایک بار پھر مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارت میں کورونا وبا کی ابتدا ہی سے تبلغی جماعت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو