امریکا کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد کا اعلان

امریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالر سے زائد امداد دے گا: پاکستان میں امریکی ناظم الامور کا پیغام— فوٹو: امریکی سفارتکانہ ٹوئٹر اکاؤنٹ

امریکا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال جونز نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالر سے زائد امداد دے گا اور مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے امریکا ترجیحی بنیاد پر کام کر رہا ہے اور فنڈ سے 3 نئی موبائل لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا. جس کیلئے 30 لاکھ ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں ہائی ٹیک ایمرجنسی آپریشن سینٹرز بنائے جائیں گے جن کیلئے 10 لاکھ ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 20 لاکھ ڈالر کی رقم کمیونٹی ہیلتھ کیئر ورکرز کی ٹریننگ پر استعمال ہو گی تاکہ وہ لوگوں کی گھروں میں دیکھ بھال کرسکیں اور اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔

پال جونز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے کیمپوں کیلئے 24 لاکھ ڈالر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ذریعے دئیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ تعاون پاکستان امریکا کے درمیان صحت کے شعبے کا نیا باب ہے جبکہ گزشتہ 20 سالوں میں ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر سے زائد شعبہ صحت میں تعاون رہا ہے۔

انہوں نے پیغام کے آخر میں کورونا وائرس سے جنگ کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے مہلک وائرس سے لڑنے کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی مدد طلب کی تھی جس پر ایگزیکٹو بورڈ نے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو