امریکا میں 35 ہزار کے قریب کورونا وائرس سے ہلاکتیں، چین نے نظر ثانی شدہ ڈیٹا جاری کر دیا

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ 84 ہزار ہوگئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد افراد کی تعداد 35 ہزار کے قریب پہنچ گئی جب کہ معاشی کساد بازاری کے باعث اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ افراد نوکریوں سے فارغ ہو چکے ہیں۔

ایک طرف امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے تو دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی معیشت کو تین حصوں میں دوبارہ بحال کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔

امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ اموات 35 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے 52 لاکھ مزید افراد نے بے روزگار الاؤنس کے لیے درخواستیں دیں جس کے بعد امریکا میں بے روز گار افراد کی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے یعنی ہر سات میں سے ایک امریکی شہری بے روزگار ہو مگیا ہے۔

دوسری جانب چینی حکام نے ووہان میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کے حوالے سے نظر ثانی شدہ ڈیٹا جاری کیا ہے جس کے مطابق ووہان میں مزید 1290 نئی اموات کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد 4 ہزار 642 ہو گئی ہے. جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار 367 ہے جن میں سے 78 ہزار افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

چینی حکام کے مطابق 2020ء کے پہلے سہ ماہی میں ملکی معیشت 6 اعشاریہ 8 فیصد کم ہوئی ہے جو کہ 44 سالوں میں پہلی بار دیکھی گئی ہے۔

اٹلی میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 22 ہزار 170 اور اسپین میں 19 ہزار 315 ہو گئی ہے جبکہ فرانس میں بھی اب تک 17 ہزار 920 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

برطانیہ میں 13 ہزار سے زائد جبکہ ایران میں 4 ہزار 869 اور جرمنی میں 4 ہزار 52 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

بیلجیم میں بھی 4 ہزار 800 سے زائد افراد کورونا وائرسے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ برازیل میں 1952 اور ترکی میں 1643 اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔

امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ 84 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 898 ہوگئی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح کی مزید پوسٹس

مینو