کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کراچی میں تین صنعتی یونٹس سیل

دو ادویہ ساز اور ایک چائے بنانے والی کمپنی نے ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ کا غلط استعمال کیا: ترجمان سندھ حکومت

کراچی میں کورونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران کاروبار کھولنے کے لیے بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر تین صنعتی یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے محکمہ داخلہ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ دو ادویہ ساز اور چائے بنانے والی کمپنی نے ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ کا غلط استعمال کیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی سربراہی میں کارروائی کے دوران پتہ چلا کہ ملازمین کی بڑی تعداد کو بس میں سوار کیا گیا تھا جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت صنعتی ورکرز کی گاڑیوں میں سماجی فاصلہ لازمی ہے تاہم قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر تین صنعتی یونٹس کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے تاہم کچھ صنعتوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کی اجازت دی گئی ہے جن کے لیے شرائط و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو