چین پاکستان کیساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند

چین نے خطے کا امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین ونگ نے وفد کے ہمراہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وفد نے یہ دورہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے قیام کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے چینی وفد کا خیرمقدم کیا اور پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ پر چینی وفد کو مبارکباد دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا چینی وفد کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاک فوج اور پی ایل اے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جزو ہیں، دونوں مسلح افواج کےدرمیان تعلقات پر فخر ہے۔

چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین رونگ کا کہنا تھا کہ پاک چین ملٹری تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، پاک چین دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔

دفاعی اتاشی کا کہنا تھا کہ چین کورونا کے دوران پاکستان کی تمام شعبوں میں کوششوں کو سراہتا ہے۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ نے بھی پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک چین عسکری تعلقات اسٹریٹجک تعاون کا ستون ہیں، چین پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیپلز لیبریشن آرمی کی 93 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ڈیفنس اتاشی کی سربراہی میں چینی سفارتخانے کے وفد نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا جہاں سربراہ آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے چینی وفد کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وفد کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام پہنچایا گیا جس میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے پاک چین تعلقات کا اہم جز ہیں، ہمیں اپنے آہنی بھائیوں پر فخر ہے۔

اس موقع پر چینی ڈیفنس اتاشی نے آئی ایس پی آر میں تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین فوجی تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، ہر موسم میں باہمی اسٹریٹجک تعلقات میں وسعت آئی اور ہر شعبے میں بشمول کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔

یاؤ جنگ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان سے عسکری تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو