چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کا ادارے میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو خط

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے چئیرمین نے اپنے ہی ادارے میں لوٹ مار کے الزامات لگا دیے، ایف آئی اے کو انکوائری کے لیے خط بھی لکھ دیا اور کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر جولائی 2019ء سے جون 2020ء کے دوران ہونے والی سیلز کی انکوائری کی جائے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کے چیئرمین ذوالقرنین خان نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھا ہے جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں کرپشن کی تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی منہگے داموں خریداری، خرد برد اور خلاف ضابطہ تعیناتیوں کی تحقیقات کرے، اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم ریلیف فنڈ کے استعمال اور اس کی مانیٹرنگ کی بھی تحقیقات کی جائیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے سستی چینی خریدنے کے باوجود گودام سے نہ اٹھائی۔

خط کے متن کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی طرف سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 2 لاکھ ٹن گندم کی انکوائری کی جائے اور وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت دال، گھی، آئل اور چاول کی خریداری کی تحقیقات کی جائیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسٹورز پر جولائی 2019ء سے جون 2020ء کے دوران فروخت کی انکوائری کی جائے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ کی منظوری کے بغیر 2606 عارضی ملازمین رمضان کے دوران تعینات کیے گئے اور انتظامیہ کی جانب سے نئے اسٹورز کھولنے کے لیے بورڈ کو بزنس پلان شیئرنہیں کیاگیا۔

خط کے متن کے مطابق نومبر 2018ء میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا نیا بورڈ تشکیل دیا گیا، نومبر 2018ء میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو 8 ارب خسارہ تھا اور وہ دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اسٹورز کو چلانے کے لیے بینک سے قرض لیا گیا. جب کہ حکومت نے اسٹورز چلانے کے لیے 31 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز دیے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بے ضابطگیوں کی خبروں کے بعد وزیراعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے انکشاف کیا تھاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر کروڑوں روپے کی چوریاں ہوتی ہیں، مہنگے داموں خریداری کی جاتی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کرپشن کا گڑھ ہے اور اس میں حکومتی شخصیات بھی ملوث ہیں جو ان پر مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو