پی ٹی آئی میڈیا سیل کے افراد وفاقی وزارت اطلاعات میں تعینات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میڈیا سیل کے 6 افراد کو وفاقی وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میڈیا سیل کے ان 6 افراد کی تعیناتی ایم پی ٹو اور تھری اسکیل میں ہوگی اور انہیں بغیر کسی مقابلے کا امتحان دیے ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں بھاری تنخواہوں پر رکھا گیا ہے۔

عمران غزالی ایم پی ٹو تعینات کیے گئے ہیں اور ان کا عہدہ گریڈ 21 کے مساوی ہوگا جب کہ ایم پی تھری میں تعینات ہونے والوں میں عثمان بن ظہیر، مزمل حسن، شہباز خان، نعیم احمد یاسین اور سعیدہ دھنک ہاشمی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل چلا رہے تھے اور ان تمام افراد نے عام انتخابات 2013ء اور 2018ء میں پی ٹی آئی کا بیانیہ سوشل میڈیا پر پیش کیا۔

دوسری جانب وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی منظوری دسمبر 2019ء میں وزیراعظم نے دی تھی جب کہ بھرتیوں کےطریقہ کار کی منظوری وزیراعظم نے اپریل 2020ء میں دی، متعلقہ ملازمتوں کے لیے اشتہار کے بعد بھرتیاں کی گئی ہیں۔

وزارت اطلاعات کے مطابق جنرل مینجرکے لیے 76 اور ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ کے لیے67 درخواستیں موصول ہوئیں، بھرتیاں اسپیشل سلیکشن بورڈ نے انٹرویوز کے بعد کی ہیں اور منتخب افراد کی سمری کی وزیراعظم نے 20 جولائی کو منظوری دی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو