پیٹرول اور بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی کردی گئی

سوئی ناردرن کیلئے گیس 45 فیصد اورسوئی سدرن کیلئے گیس 44فیصد مہنگی کی ہے، اوگرا—  فوٹو:فائل

سوئی ناردرن کیلئے گیس 45 فیصد اورسوئی سدرن کیلئے گیس 44فیصد مہنگی کی ہے، اوگرا—  فوٹو:فائل

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جولائی سے گیس مہنگی کردی۔

اعلامیے کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن کیلئے گیس 45 فیصد اورسوئی سدرن کیلئے گیس 44فیصد مہنگی کی ہے۔

اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سوئی نادرن کیلئے گیس 266 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دییتے ہوئے گیس کی قیمت 854 روپے 52 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن کیلئے گیس 308 روپے 53 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کے بعد  قیمت 1007روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر  کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا یوں 7 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی 60 روپے فی لیٹر قیمت بڑھائی گئی۔

اس کے علاوہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف پر7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافےکی منظوری دی۔