پنجاب میں وزرا کے سرکاری پٹرول استعمال کرنے پر پابندی عائد

آنے والے دنوں میں بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا،صوبائی وزیر:فوٹو:فائل
لاہور: پنجاب میں وزرا پر سرکاری پٹرول استعمال کرنے پرپابندی عائد کردی گئی

صوبائی وزیراور پنجاب حکومت کے ترجمان عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں تمام وزرا سرکاری پٹرول نہیں لیں گے بلکہ اپنی جیب سے پٹرول ڈلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری کام کے لیے جانے والے وزرا بھی ذاتی خرچ پرپٹرول ڈلوائیں گے۔اس کے علاوہ سی وزیراعلیٰ ہاؤس پر شاہانہ اخراجات پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔نئی گاڑیاں نہیں خریدی جائیں گی اورنہ کسی دفتر کی تزئین اور آرائش ہوگی۔

عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ مہنگائی پرقابو پانے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔عوام کے لئے مزید سبسڈی پروگرام لائے جائیں گے۔ عوام کا پیسہ عوام پرخرچ کریں گے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ عمران خان آج بھی سرکاری پیسے پر پل رہا ہے اورخیبرپختونخوا کی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہا ہے۔ جب ہماری حکومت تھی تب مہنگائی 4فیصد تھی اور اب مہنگائی کی شرح 14فیصد ہو چکی ہے۔