حکومت کا اگلے مالی سال میں ملکی ترقی کا ہدف 5 فیصد مقرر

آئندہ مالی سال میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 700 ارب روپے رکھے جائیں گے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی— فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے اگلے مالی سال میں ملکی ترقی کا ہدف پانچ فیصد مقرر کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کی اور بتایا کہ آئندہ مالی سال میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 700 ارب روپے رکھے جائیں گے اور مزید 100 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خرچ کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سب سے زیادہ رقم یعنی 112 ارب روپے بلوچستان پر خرچ کرے گا، ملک کے 10 غریب ترین اضلاع کیلئے 30 ارب روپے اور سابق فاٹا کیلئے 50 ارب روپے رکھے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک پاکستان کی طویل ترین ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے 7 ارب روپے رکھے جائیں گے، سب سے زیادہ ترجیح دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کو دی جائے گی، دوسری ترجیح اعلیٰ تعلیم کو ملے گی، اسلام آباد میں ڈاکٹر قدیر یونیورسٹی بنے گی، تیسری ترجیح سڑکوں، ریلوں اور بندرگاہوں کی ترقی کو دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال وفاقی ترقیاتی بجٹ 500 ارب کا تھا، 5 سال پہلے ن لیگ ایک ہزار ارب کا ترقیاتی بجٹ دے کر گئی تھی۔

خیال رہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔