پاکستان میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق، اموات 176 اور مریضوں کی تعداد 8519 ہو گئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 176 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 8519 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخواہ میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ آج مزید 7 مریض انتقال کر گئے ہیں، ایک مریض پنجاب میں اور ایک شخص کا انتقال وفاقی دارالحکومت میں ہوا۔

ملک میں مزید 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 176 ہو گئی ہے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 67، سندھ میں 56، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 5، گلگت میں 3 اور اسلام آباد میں 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج اب تک ملک میں 108 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8519 ہو گئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید ایک شخص دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی ہے جب کہ صوبے میں مریضوں کی تعداد 3822 ہے۔

اتوار کو بھی پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی تھی۔

ترجمان پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 702 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

اتوار کے روز صوبہ سندھ میں مزید 8 افراد مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کی۔

صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2537 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 625 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں مزید 7 افراد کورونا وائرس سے جنگ ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 67 ہو گئی ہے جب کہ مزید 98 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 1235 ہو گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو مزید 56 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 432 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج 270 رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے 56 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کا تعلق کوئٹہ، مستونگ، جعفر آباد، چمن اور سبی سے ہے۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 142 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص انتقال کر گیا جس کے بعد اسلام آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے جب کہ مزید 10 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور اس طرح وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 181 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 6 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 263 ہو گئی جب کہ اب تک 194 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 66 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 49 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک مہلک وائرس سے 9 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 40 افراد زیرعلاج ہیں۔

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے سے رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوگیا ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کورونا کے باعث سندھ اور پنجاب میں رمضان بازار نہیں لگیں گے

کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب اور سندھ میں صوبائی حکومتوں نے رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کیلیے ماسک لازمی

کمشنر کراچی نے شہر میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیےماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

جب کہ کمشنر نے شہر میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک بیکریاں اور تندور کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

بیرون ملک سے کراچی آنیوالے ہر شہری کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت

کراچی: صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بیرون ملکوں سے آنے والے ہر پاکستانی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلئے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو