ایک درجن سے زائد خواص والا انقلابی پنکھا

ہیکسن پنکھا ایک ساتھ 20 فیچرز کا حامل ہے اور اس کی قیمت 400 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ فوٹو: انڈی گو گو

ہیکسن پنکھا ایک ساتھ 20 فیچرز کا حامل ہے اور اس کی قیمت 400 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ فوٹو: انڈی گو گو

کیلفورنیا: ایک دلچسپ ایجاد ملاحظہ کیجئے جس میں ایک شے میں 20 اشیا موجود ہے۔ یہ کہنے کو تو ایک غیر روایتی پنکھا ہے لیکن اس میں ہیٹر، ایئرپیوریفائر، ایئرکنڈیشن، اسپیکر، لائٹ، یوایس بی، ایلیکسا اسسٹنٹ، الٹرا وائلٹ روشنی، ایئر فلٹر، بلو ٹوتھ آپشن، گھڑی اور الارم، ریموٹ کنٹرول، ایپ کنٹرول، ٹچ پینل، موبائل فون چارجر اور دیگر اہم خواص موجود ہیں۔

اس ایجاد کو ہیکسون اسمارٹ ایئرفین کا نام دیا گیا ہے جس کی چندہ مہم کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ انڈی گو گو پر تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔ یہ ایک طرح کا غیر روایتی پنکھا ہے جسے بڑی مہارت سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ فیچر سمو دیے گئے ہیں جو ہماری روزمرہ ضروریات پورا کرتے ہیں۔

اپنے لاتعداد شاندار خواص کی بدولت اسے دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی ویب سائٹ پر سراہا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی چندہ مہم میں تیزی سے رقم دی گئی اور لوگوں نے اس ہرفن مولا شے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پنکھا کسی اہم تبدیلی کے بغیر ایئرکنڈیشن بن جاتا ہے اور ہیٹر میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ اس میں نصب الٹروائلٹ روشنی چلانے سے اطراف کا ماحول مکمل طور پر جراثیم سے پاک ہوجاتا ہے جبکہ اس میں نصب تین طرح کے فلٹر ہوا کو صاف کرتے رہتے ہیں۔

اس میں نصب خاص کاربن فلٹر اعلیٰ ٹیکنالوجی کے تحت ڈیزائن کیے گئے ہیں اور وہ 99 فیصد سے زائد مضر ذرات کو اپنے اندر کھینچ لیتے ہیں۔ اندر ایک طاقتور آئیونائزر نظام ہے جو بیکٹیریا اور جراثیم کو اپنے اندر جکڑ لیتا ہے۔ اس طرح ہیکسن پنکھے کی اطراف ہر طرح سے محفوظ اور پاک رہتی ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے ہر طرح کے ٹیسٹ سے گزارا گیا ہے اور یہ پنکھا ہر موسم اور مقام کے لیے انتہائی موزوں بھی ہے۔ اپنے تمام خواص کے تحت اس کی قیمت کچھ زیادہ ہے جو 400 ڈالر کے لگ بھگ ہے اور پاکستانی روپوں میں 80 ہزار بنتی ہے۔