ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور مظاہرے

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چپے چپے میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی، شہریوں نے فلسطین کے حق میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے بھی لگائے۔

مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے تحت نکلنے والی ریلیاں مختلف علاقوں سے شروع ہوکر پریس کلب پر جمع ہوگئيں۔

احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں میں مذہبی و سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی.

پشاور میں بھی بڑا عوامی اجتماع ہوا اور جمعیت علمائے اسلام کے تحت احتجاجی مظاہرے میں عوام نے بھر پور شرکت کی جبکہ لاہور میں بھی تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مختلف اداروں کے تحت الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔

سوات میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جبکہ فیصل آباد میں میڈيکل تنظيموں نے ریلی نکالی۔

ملتان، رحیم یار خان، بہاول نگر، خیبر، بنوں، چار سدہ، نصیر آباد، مٹیاری میں بھی عوامی ریلیاں ہوئیں اور فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

آزاد کشمیر میں بھی فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گيا جس میں وزیرا‏عظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور ان کی کابینہ نے بھی شرکت کی۔

ریلیوں اور احتجاج میں مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے جبکہ اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو