صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک کی وجہ سے پنجاب حکومت میں ہلچل

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک بننے کے خدشات پر پنجاب حکومت میں ہلچل مچ گئی ہے اور رابطے و ملاقاتیں تیز ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی ڈر نہیں، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، سیاست میں برداشت اور بھائی چارے کے قائل ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی سیاسی ٹیم کا مشاورتی اجلاس بھی بلالیا ہے جس میں وزیرقانون سمیت اہم وزرا شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ دو دن میں 50 سے زائد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرچکے ہیں، اس دوران ترین گروپ کے ارکان بھی وزیراعلیٰ سے ملے جس میں وزیراعلیٰ نے انتقامی کارروائیوں کی تردید کی۔

دوسری جانب جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کی عثمان بزدار سے ملاقات کا امکان ہے۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس نے کہا ہے کہ تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز جہانگیر ترین نے اسمبلیوں میں ہم خیال گروپ کی تشکیل کو پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائیوں کا ردعمل قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اپنی آواز اٹھانے کے لیے گروپ بنایا ہے لیکن پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو