روس، بیلجیم اور اسپین میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافہ، مریضوں کی تعداد 24 لاکھ سے زائد

روس، بیلجیم اور اسپین میں نوول کورونا وائرس کے کیسز میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد دنیا بھر کے مریضوں کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 4 ہزار 268 کیسز اور 44 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 47 ہزار 121 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی کل تعداد 405 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو سے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ کیے ہوئے ہیں جہاں اب تک 25 ہزار 350 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

اسپین میں بھی کورونا نے مضبوط پنجے گاڑھ لیے ہیں جہاں صرف ایک دن کے دوران ڈیڑھ ہزار کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب ہے۔

اسی طرح بیلجیم میں بھی اچانک ڈیڑھ ہزار کے قریب کورونا کے کیسز رپورٹ کیے گئے جس سے مریضوں کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 145 افراد انتقال کر جانے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 828 ہے۔

اٹلی میں کورونا کے کیسز نہیں تھم رہے، نئے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 23 ہزار 660 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں. جبکہ ایک لاکھ 78 ہزار 972 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ جرمنی میں بھی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

امریکا دو ہفتوں سے بدستور کورونا کے کیسز میں دنیا بھر میں سرفہرست ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 64 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور جزائر تک پھیل چکا ہے اور عالمگیر وبا سے اب تک 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں. جس میں سے 6 لاکھ 33 ہزار 391 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو