دُبئی میں سحر اور افطار پر نئی پابندی عائد

دُبئی حکومت نے رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اجتماعات میں 10 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی لگا دی۔

حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے حوالے سے ایک ضابطہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سحر اور فطار کے دوران ایک گھر یا مقام پر10 سے زائد لوگوں کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہو گی۔ سحر اور افطار کے ان محدود اجتماعات کے دوران تمام لوگوں کو ایک دوسرے سے محفوظ فاصلے پر بیٹھنا ہو گا تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ کم سے کم ہو سکے۔

مختصر اجتماعات میں لوگوں کے ایک دوسرے سے ہاتھ مِلانے اور گلے مِلنے پر بھی ممانعت ہو گی۔ سحر اور افطار کے دوران صرف خاندان کے چند افراد اور قریبی دوستوں کو بُلایا جا سکتا ہے۔

خاندان کے وہ افراد جو الگ الگ گھروں میں مقیم ہیں،کورونا کے خدشے کے باعث انہیں ایک دوسرے کو کھانے کا سامان نہ پہنچانا ہی بہتر رہے گا۔ اگر بہت ضروری ہو تو کھانے کو پوری طرح ٹفن وغیرہ میں بند کر کے پہنچایا جائے۔

رمضان کے دوران باجماعت نماز پر پابندی ہو گی۔ البتہ ایک ہی گھر کے افراد گھر کے اندر ہی باجماعت نماز ادا کر سکتے ہیں۔ دیگر گھروں میں موجود بزرگوں اور مشتبہ مریضوں سے ملاقاتیں کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

خاندان کے دیگر افراد سے میل جول کم سے کم رکھا جائے۔ گھروں میں کام کرنے والی ملازمائیں کو بھی تاکید کر دی جائے کہ وہ گھر سے باہر دیگر افراد سے رابطہ نہ رکھیں، نہ کسی سے خوراک اور دیگر اشیاء قبول کریں۔

ملازماؤں کو گھر سے باہر نکلتے وقت اور شاپنگ کے دوران ماسک اور دستانے ضرور پہنائے جائیں۔ زیادہ بہتر یہی ہو گا کہ ملازماؤں کو گھروں تک ہی محدود رکھا جائے۔

خصوصاً ایسی ملازمائیں جو گھر کے بچوں اور بزرگوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں، انہیں زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ لوگوں کو صرف ضرورت کے وقت گھر سے نکلنا چاہیے۔ گھر سے باہر کسی بھی سطح کو چھونے سے گریز کیا جائے خصوصاً اپنے منہ وغیرہ کو اس وقت تک ہاتھ نہ لگائیں جب تک گھر آ کر ہاتھوں کو سینیٹائز نہ کر لیا جائے یا صابن سے اچھی طرح ہاتھ نہ دھو لیے جائیں۔

گھر سے باہر جاتے وقت ماسک پہننا انتہائی ضروری ہے ۔ اگر گھر کے کسی فرد میں کورونا کی مشتبہ علامات پائی جائیں تو اسے فوری طور پر الگ تھلگ کمرے میں منتقل کر دیا جائے اور دُبئی ہیلتھ اتھارٹی کی ہاٹ لائن پر اطلاع دی جائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو