ویت نام کا نیا گلاس برج عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب

اس کی لمبائی 2073 فٹ ہے / اے ایف پی فوٹو
اس کی لمبائی 2073 فٹ ہے / اے ایف پی فوٹو

دنیا کے سب سے بڑے گلاس برج کا عالمی ریکارڈ ویت نام میں تعمیر ہونے والے پل نے اپنے نام کرلیا ہے۔

یہ پل عوام کے لیے اپریل میں کھولا گیا تھا اور اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے اپنی کتاب کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ چین کے علاقے گوانگ ڈونگ کے ایک پل کے پاس تھا جس کی لمبائی 1726 فٹ تھی۔

شمال مغربی ویت نام کے صوبے سون لا میں واقع باک لانگ برج ایک معروف پہاڑی ریزورٹ سے منسلک ہے اور ارگرد کا خوبصورت نظارہ فراہم کرتا ہے۔

سطح سے 492 فٹ اوپر موجود اس پل کی لمبائی 2073 فٹ ہے جس کو ویت نام کے محکمہ سیاحت نے ایک فرانسیسی تعمیراتی کمپنی کے ساتھ مل کر تعمیر کیا۔

اس پلو کو اپریل میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا / اے ایف پی فوٹو
اس پلو کو اپریل میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا / اے ایف پی فوٹو

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پل اتنا مضبوط ہے کہ ایک وقت میں 450 لوگ اس پر کھڑے ہوسکتے ہیں جبکہ حال ہی میں اس کی مضبوطی کو جانچنے کے لیے ایک ایس یو وی کو اس پر سے گزارا گیا تھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام نے 29 مئی کو عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ ویت نام کا تیسرا گلاس برج ہے ، اس سے قبل 2018 میں بھی وسطی ویت نام میں تعمیر ہونے والا ایک پہاڑی گلاس برج دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا تھا۔