خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان کو ایسا ملک بنانے کی خواہش ہے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں۔

حسن ابدال ریلوے اسٹیشن اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے کیونکہ دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی، ریلوے اہمیت اس لیے رکھتی ہے کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے، ریلوے معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بار ریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے، ایم ایل ون سے کراچی سے لاہور کا سفر 7 گھنٹے ہو جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں اور ایم ایل ون خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام مذہب کے لوگ برابر ہیں، ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کو بہت سہولت ملے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہے اور ہم اگر صرف سیاحت کو بہتر بنا لیں تو کسی سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو