بھارت میں کورونا سے ہلاک مریض کی لاشیں دریا میں پھینکنے کے واقعات

بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے لیکن حکومت کی ہٹ دھرمی اور سنگ دلی بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔

حال ہی میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلرام پور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں کورونا سے ہلاک مریض کی لاش دریا میں پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دو آدمی لاش لیے کھڑے ہیں جن میں سے ایک نے کورونا سے بچاؤ کا حفاظتی لباس بھی پہن رکھا ہے۔

اس دوران حفاظتی لباس میں ملبوس شخص لاش کو بیگ میں سے نکال رہا ہے جبکہ دوسرا اس کی مدد میں مصروف ہے۔

یہ ویڈیو گاڑی میں سوار دو مسافروں کی جانب سے بنائی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بلرام پور کے چیف میڈیکل آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ لاش کورونا کے مریض کی تھی جبکہ مریض کے رشتہ دار اسے دریا میں پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہ مریض 25 مئی کو اسپتال میں وبا کے باعث داخل ہوا تھا جس کی موت 28 مئی کو ہوئی تھی۔ کورونا پروٹوکول کے مطابق لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جس کے بعد پتا چلا کہ انہوں نے اسے دریا میں پھینک دیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر بھی بھارتی ریاست بہار اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں درجنوں لاشیں دریائے گنگا کے کنارے سے ملی تھیں اور یہ تمام لاشیں کورونا سے ہلاک افراد کی ہی تھیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو