بھارتی کرکٹ بورڈ کو 2500 کروڑ تک نقصان

کورونا کیسز کی وجہ سے منسوخ ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ کو 2500 کروڑ بھارتی روپے تک نقصان کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی پی ایل کی منسوخی کے باعث بی سی سی آئی کو براڈ کاسٹ اور اسپانسر شپ کی مد میں 2000 سے 2500 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہو گا۔

خیال رہے کہ متعدد بھارتی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث بی سی سی آئی نے گزشتہ روز آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی تھی۔

52 روز اور 60 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 30 مئی کو کھیلا جانا تھا تاہم بائیور سکیور ببل کے باوجود کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث لیگ کے صرف 29 میچز ہی ممکن ہو سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی آئی پی ایل کے میچز کورونا وائرس کے باعث بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دئیے گئے تھے، جس کے باعث بھارت کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو