ایک تاجر کی میت پر رقم کے عوض رونے دھونے کی پیشکش ہوئی تھی

بھارت میں شوبز شخصیات کو شادیوں اور دیگر تقریبات میں مدعو کرنا معمول کی بات بن گئی ہے جس کے لیے انہیں معاوضہ بھی ادا کیا جاتا ہے تاہم بالی وڈ اداکار چنکی پانڈے کو ایک مرتبہ میت پر رونے اور بین کرنے کے لیے 5 لاکھ بھارتی روپے کی پیشکش ہوئی تھی۔

ایک انٹرویو میں چنکی پانڈے نے بتایا کہ 2009ء میں انہیں ایک کاروباری شخصیت کے انتقال پر اس کے گھر والوں نے رابطہ کیا ۔

چنکی کے مطابق وہ لوگ چاہتے تھے کہ میں مرحوم کی آخری رسومات میں شریک ہوں اور تھوڑا رونا دھونا بھی کروں، کیونکہ وہ میری شرکت سے اپنے قرض داروں کو یہ تاثر دینا چاہتے تھے کہ انہوں نے کسی فلم میں سرمایہ لگا رکھا ہے جس کی ریلیز کے بعد وہ تمام قرض لوٹا دیں گے۔

اداکار نے بتایا کہ میں نے تو فوراً اس پیشکش سے انکار کردیا تاہم پھر فیملی کی حالت دیکھ کر مجھے ترس آگیا اور میں نے ایک اور اداکار کو وہاں بھیج دیا، تاہم چنکی پانڈے نے اس اداکار کا نام نہیں بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اخلاقی طور پر مجھے اس اداکار کا نام بتانے کی اجازت نہیں، وہ شخص میرے بجائے بڑی آسانی سے چلا گیا تھا، آخر ایک جگہ بت بن کر کھڑے ہونےکے لیے 5 لاکھ روپے کی رقم کم نہیں ہوتی۔

چنکی پانڈے نے 5 لاکھ میں سے کمیشن لینے سے متعلق انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اداکار کی حیثیت سے میں آخری رسومات میں نہیں بلکہ فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو