امریکی کا 60 کھرب ڈالر کا مہنگا ترین بجٹ اور پاکستان کے لئے امداد

امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے سالانہ بجٹ کی تجاویز پیش کردی ہیں جس میں اخراجات کا تخمینہ 6 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے 60 کھرب ڈالر کے بجٹ کی تجاویز پیش کردی ہیں۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آخری بجٹ 4 کھرب اور 8 ارب ڈالر کا تھا جب کہ ان کے دور کے تمام بجٹ خسارے کے ساتھ تھے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم سماجی شعبوں اور ماحولیاتی تبدیلی کے لیے رکھی ہیں جب کہ پینٹاگون کے لیے 1.5 ٹریلین رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ان تجاویز میں 800 بلین ڈالر موسم تبدیلی، 200 ارب 4 سال تک کے بچوں کی مفت پرائمری تعلیم، 109 بلین کالج کے طلبا، 225 بلین خاندانی بہبود اور میڈیکل لیوز، 115 بلین سڑکوں اور پلوں، 160 بلین ریلوے جب کہ 100 بلین ڈالر ہر امریکی کے گھر تک براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

جوبائیڈن کے ان منصوبوں سے 2031ء تک قرضہ جی ڈی پی کے 117 فیصد تک پہنچ جائے گا جو جنگ عظیم کے دوران کی سطح سے بھی زیادہ ہے اور جوبائیڈن کے بجٹ کے ان منصوبوں کے باعث ملکی کارپوریشنز اور کاروباری اداروں پر 3 کھرب ڈالر کے ٹیکس کا بوجھ پڑے گا۔

ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے اس بجٹ کو انتہائی مہنگا قرار دیا ہے تاہم ابھی ان بجٹ تجاویز کی کانگریس سے منظوری لینا باقی ہے۔

دوسری جانب جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ بجٹ امریکی عوام میں براہ راست سرمایہ کاری ہے اور اس سے ہماری قوم کی معیشت مستحکم ہوگی اور طویل مدتی مالی صحت میں بہتری آئے گی۔

پاکستان کے لئے امریکہ کی امداد

اگلے مالی سال کے لیے مجوزہ بجٹ پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان میں تربیتی پروگرام کے لیے 35 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے لیے اکنامک سپورٹ فنڈ کی رقم بھی بڑھادی گئی ہے۔ اکنامک سپورٹ فنڈ کے تحت 4 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی تجویز دی گئی ہے۔

پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ خطے میں منشیات کی روک تھام کے لیے 10 کروڑ 78 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

رقم کا ایک حصہ پاک افغان بارڈر سیکورٹی پر لگایا جائے گا، اسی رقم کا ایک حصہ مکران ساحل کی سیکیورٹی پر بھی لگایا جائے گا۔

امریکی بجٹ میں پاکستان میں صحت کی سہولتوں میں مدد کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر رکھے گئے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو