اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے حضور ﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن کے پیغام کو عام کرنا ہوگا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے حضورﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو عام کرنا ہو گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا، آپ ﷺ کی بدولت دنیا میں عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آگاہی ہوئی، پوری انسانیت کی فلاح یقینا آپ ﷺ کی سنت طیبہ کی پیروی میں ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی سیرت طیبہ ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہے، دور اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآن پاک اور رسولﷺ کی شخصیت تھی، حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ سے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے، آپ ﷺ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہیے، ہماری زندگی میں بھی نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ہے مغرب میں حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کے قابل مذمت واقعات ہوئے، ان قابل مذمت واقعات پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں۔

صدر پاکستان نے کہا کہ ایسےگستاخانہ اقدامات بین المذاہب امن اور مکالمےکی روح کے خلاف ہیں، عالم اسلام کے رہنما حرمت رسول ﷺ کے تحفظ کے لیے متفقہ مطالبہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کریں، اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے حضور ﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن کے پیغام کو عام کرنا ہو گا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کورونا کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے، لہذا عید میلادالنبی ﷺ کی تقریبات میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

مینو